’’عوام وزیراعظم کے معاشی جھانسے میں نہیں آئیں گے‘‘

’’عوام وزیراعظم کے معاشی جھانسے میں نہیں آئیں گے‘‘
کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چوتھا بجٹ پیش کرنے سے پہلے عمران خان تیسرا وزیرخزانہ اور پانچواں سیکریٹری تجارت لے آئے مگر وزیراعظم کی معاشی ٹیم کہیں نظر نہیں آئی، پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ سے چند دنوں قبل پہلے محکمہ خزانہ کے سیکریٹری کو بدلا اور پھر معاشی تباہی کو جعلی معاشی ترقی میں تبدیل کردیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ 2021 میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے، پی ٹی آئی حکومت بجٹ میں بھاری ٹیکس لگاکر معمولی تنخواہیں وصول کرنے والوں پر معاشی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی بجٹ میں عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایس پی آئی انڈکس کے تحت ملک میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح 20 فیصد تک کی بلندی کو چھورہی ہے، اگر بدترین مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں جکڑدیا گیا تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم نہیں، عمران خان امیروں کو ایمنسٹی اسکیمیں دے کر اور غریبوں سے ٹیکس وصول کرکے اپنی عوام دشمنی ثابت کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان عام آدمی پر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں اربوں روپے کے ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی کو مسترد کرتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت جس رفتار سے معاشی ترقی کے دعوے کررہی ہے، اس سے دگنی رفتار سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف کے ملازموں سے بجٹ تیار کرانے والے عمران خان بتائیں کہ ان کی معاشی ٹیم کہاں گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اعدادوشمار کا ہیر پھیر کرکے عمران خان اپنے مداحوں سے واہ واہ سمیٹ سکتے ہیں مگر عوام وزیراعظم کے معاشی خوش حالی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کبھی معاف نہیں کئے جائیں گے۔

Watch Live Public News