جی بی کے عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے عوام دوست یا عوام دشمن حکومت کا فیصلہ کرنا ہے،بلاول بھٹو

جی بی کے عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے عوام دوست یا عوام دشمن حکومت کا فیصلہ کرنا ہے،بلاول بھٹو

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جی بی کے عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے عوام دوست یا عوام دشمن حکومت کا فیصلہ کرنا ہے۔

اسکردو میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ہر تحصیل میں پہنچا ہوں،پیپلزپارٹی جتنی بار گلگت بلتستان آئی ہے کوئی سیاسی جماعت نہیں آئی۔خواہش تھی کہ گزشتہ الیکشن میں پیدل چل کر آیا تھا اس دفعہ بھی پیدل دورہ کرتا۔خواہش ضرور تھی لیکن اس بار حالات کچھ اور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ فیلڈ مارشل کی خطے میں امن کیلئے کوشش کامیاب ہوجائے۔ ایران میں بچوں کے اسکول میں میزائل مارا گیا۔بیدردی سے عالمی قانون توڑتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای کو شہید کیا گیا۔پچھلے الیکشن میں خوشی کا ماحول تھا، اس الیکشن میں سوگ کا ماحول ہے۔ظلم ایران تک محدود نہیں فلسطین میں بھی لوگوں کو شہید کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پوری مسلم دنیا میں اس جنگ کا بوجھ اٹھایا جا رہا ہے۔اس جنگ کے نتیجے میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے۔پاکستان کی امن کی کوشش پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست دوسری جماعتوں سے مختلف ہے۔پیپلزپارٹی عام آدمی کی سیاست کرتی ہے۔یہ کیسی معاشی پالیسی اور ترقی ہے کہ امیر، امیر ترہو،پیپلزپارٹی نے مزدوروں کو مالک بنایا اسی طریقے سے قومیں ترقی کرتی ہیں ۔صدر زرداری نے روٹی ، کپڑا اور مکان کو بے نظیر کارڈ سے عملی طور پر ممکن بنایا۔قائد عوام نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا۔شہید بی بی بھی جب آئیں روزگار لیکر آئیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ بدقسمتی ہے حکمراں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں ۔بی آئی ایس پی اسلام آباد کا وہ واحد پروگرام ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے۔بی آئی ایس پی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔اس بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ فنڈ میں وزیر اعظم سے اضافہ کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلم دنیا میں صرف پاکستان کے پاس ایٹمی قوت ہے۔ملک کو ایٹمی طاقت شہید ذولفقار علی بھٹو نے بنایا۔ایٹم بم ہمیں شہید ذوالفقار بھٹو اور میزائل پروگرام  بے نظیر بھٹو نے ملک کو دیا۔آج بھی گڑھی خدا بخش سے پاکستان کا دفاع ہو رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مشرف دور میں دیگر ممالک کے پاکستان میں بیسز بنے تھے۔وہ صدر پاکستان کون تھا جس نے سلالہ واقعے کے بعد تمام اڈوں کو پاکستان میں بند کیا۔صدرزرداری نے ملک میں دیگر ممالک کے اڈے ختم کرائے۔خلیجی ممالک میں غیر ملکی بیسز پر حملہ ہوا تو صدر زرداری کی دور اندیشی کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی بی سے ایف سی آر کا نظام قائد عوام نے ختم کیا۔ گلگت بلتستان کے عوام کو قائد عوام نے سبسڈی دی۔اس علاقے کو صدر زرداری نے گلگت بلتستان کا نام دیا۔حکمرانوں کو ماننا ہوگا کہ یہ وسائل اور معدنیات عوام کے ہیں ۔

چیئرمین پی پی  نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے،حکمرانوں کو ماننا ہوگا کہ یہ وسائل اور معدنیات عوام کےہیں ۔جی بی کے عوام کو حق ملکیت دلوانا ہوگا۔اسلام آباد والوں کو جی بی کے عوام کے حق کو ماننا ہوگا۔جی بی کے عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے عوام دوست یا عوام دشمن حکومت کا فیصلہ کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جی بی اپنی بجلی خود پیدا کرے گا اور اسلام آباد کو بیچے گا۔ایک وزیر نے کہا سو میگا واٹ بجلی میرے دائیں ہاتھ کا کام ہے۔اگر دائیں ہاتھ کا کام تھا تو کیا کیوں نہیں ؟

Watch Live Public News