پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے شادی کے چند روز بعد ہی اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ اداکارہ اشنا شاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوریز کے ذریعے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کرنے کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ اپنی ذہنی صحت کے لئے کچھ عرصے کیلئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ کر رہی ہیں ۔ اشنا شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی شادی کی تقریبات اس طرح سے کی ہیں کہ جس طرح وہ چاہتی تھیں ، ان کا مقصد پاکستانی ثقافت کی توہین کرنا ہرگز نہیں تھا لیکن پھر بھی میں نے اپنی شادی کے جوڑے پر لوگوں کے غم و غصے کو کم کرنے کے لئے معافی مانگی تھی ۔ اپنی اسٹوریز کی سیریز میں اشنا نے لکھا کہ اپنی شادی کو نجی رکھنے کیلئے کتنی محنت کی تھی لیکن اس کے باوجود بھی ان کی اجازت کے بغیر ان کی شادی کی تصاویر آن لائن شائع ہو گئیں تھیں اور ان کی نجی زندگی دخل اندازی کا شکار ہوئی جس کے بعد انہیں اپنے لہنگے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہوئے ان کے خوشی کو برباد کیا ہے ، یہاں تک کہ نکاح کی تقریب میں بھی خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی ، ہر دلہن کی طرح میں بھی اپنی شادی کی تقریب اس طرح برباد ہوتے دیکھ کر غم زدہ ہو گئی تھی ، میرے بھی انسانی لمحات ہیں اور میں نے ردعمل دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی میں دخل اندازی کرنے پر ایک شخص کو بے نقاب کیا تھا ، میں نے سیکڑوں کمینٹ پڑھے اور وہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے ۔ اداکارہ نے لکھا کہ برائے مہربانی میرا یقین کریں کہ میں نے شادی ہماری ثقافت کی توہین کرنے کے لئے نہیں کی تھی ، میرا ایسا کوئی ارادہ ہی نہیں تھا لیکن پھر بھی اگر لوگوں کو لگتا ہے کہ میں نے ایسا جان بوجھ کر کیا ہے تو میں معافیاں بھی مانگ چکی ہوں ۔ میں اپنی ذہنی صحت کیلئے اس پلیٹ فارم کو چھوڑ رہی ہوں تاکہ اپنا قیمتی وقت اور توانائیاں اپنے شوہر اور اپنے نئے خاندان کے ساتھ بانٹ سکوں جو کہ میرے لیے ایک نعمت ہیں ۔ اشنا شاہ نے لکھا کہ اگر میں یہ کام ہی چھوڑ دیتی ہوں تو پھر بھی میں آپ سب کی دعاؤں اور محبتوں کے لئے آپ کی مشکور ہوں۔ خایل رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کی مشہور اداکارہ اُشنا شاہ اور معروف گولفر حمزہ امین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں ، تقریب میں قریبی دوستوں سمیت شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے بھی شرکت کی تھی ، اس موقع پر اداکارہ نے شادی کی تقریب کے لئے لال رنگ کے لباس کا انتخاب کیا تھا جب کہ ان کے شوہرنے سفید رنگ کی شیروانی زیب تن کی تھی ۔ تاہم شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اُشنا کے لباس پر شدید تنقید کی تھی ۔ ایک صارف کی جانب سے لکھا گیا کہ 'اُشنا شاہ جیسے لوگوں نے ہماری ثقافت کو برباد کر دیا، جو لباس انہوں نے پہنا، جو رقص کر رہی ہیں، یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہمارے بچوں کے لئے رول ماڈل نہیں ہیں ، نہ کبھی ہوں گی'۔ لباس پر تنقید کرنے پر اشنا شاہ نے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایک پیغام بھی جاری کیا تھا ۔ انہوں نے لکھا تھا کہ 'ان لوگوں سے مخاطب ہوں کہ جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے،آپ کو تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا ، نہ ہی آپ نے میرے لباس کے پیسے دیے،میرا سوٹ میری جیولری سب پاکستانی ہے، البتہ میرا دل آدھا آسٹرین ہے'۔ اشنا شاہ نے مزید کہا تھا کہ اللہ ہمیں خوش رکھے ۔