امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے اراکین کی وزیراعظم سے ملاقات

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے اراکین کی وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی، امریکہ کے چار رکنی وفد نے مسٹر کرس ہولڈن کی قیادت میں آج اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد کے دیگر ارکان میں اسمبلی ممبران ایلوائس ریئس، مائیک گپسن اور وینڈی کیریلو شامل تھے۔ کیلیفورنیا کے اراکین اسمبلی کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی۔ اس پس منظر میں، 9 جنوری 2023 کو کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان ’سسٹر اسٹیٹ ریزولیوشن‘ پر دستخط ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ پنجاب اور کیلیفورنیا باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے عوام سے عوام کے روابط کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔ مسٹر کرس ہولڈن نے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔