خیبرپختونخوا: شدید برفباری، لواری ٹنل، تعلیمی ادارے بند، حادثات میں 20 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا: شدید برفباری، لواری ٹنل، تعلیمی ادارے بند، حادثات میں 17 افراد جاں بحق
کیپشن: Khyber Pakhtunkhwa: Heavy snowfall, Lowari tunnel, educational institutions closed, 17 people killed in accidents

ویب ڈیسک: پاکستان کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث بالخصوص بالائی علاقوں میں راستے تاحال بند ہیں جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں حادثات کے نتیجے میں متعدد افرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ سوات اور چترال میں شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل اور تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پاکستان ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں گزشتہ دو روز کے دوران 20 افراد ہلاک جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ21 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ برفباری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھلولنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ مالم جبہ میں شدید برفباری سے محصور چھ سیاحوں کو ریسکیوکر لیا گیا ہے۔

لواری ٹنل اور تعلیمی ادارے بند

سوات اور چترال میں شدید برفباری کے باعث سکول اور لواری ٹنل کو بند کردیا گیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر سوات نے تحصیل کالام، اوشوو، مانکیال اور پیشمال سمیت دیگر بالائی علاقوں کے 96 تعلیمی اداروں کو 9 مارچ تک بند کر دیا ہے۔

تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ برف باری کی وجہ سے شدید سردی اور راستے بند ہونے سے اساتذہ اور طلبہ کو مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔

دوسری جانب چترال لوئر اور اپر میں برفباری جاری ہے جس کے باعث ان دونوں اضلاع میں 2 مارچ کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔

چترال شہر میں تقریباً 5 انچ برف پڑ چکی ہے، لواری ٹنل اپروچ روڈ پر تقریباً 2 فٹ برفباری ہوئی ہے جس کے سبب لواری ٹنل ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان: 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سنیچر کے روز بھی بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان علاقوں میں تیز بارش کے علاوہ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں اتوار تک بارش، گرج چمک اور برفباری کا امکان ہے جبکہ اس کے بعد بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 29 فروری کو شدید مغربی لہریں ملک کے بیشتر علاقوں بالخصوص مغربی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔ اس سے پیدا ہونے والی موسمی صورتحال 2 مارچ تک برقرار رہنا تھی۔

محکمہ موسمیات نے صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور حفاظتی اقدامات لینے کا کہا تھا۔

ان دنوں میں سیاحوں کو غیرضروری سفر سے منع کیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو بھی فصلوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

برفباری کے باعث اپر اور لوئر چترال کے تمام تعلیمی ادارے آج سنیچر کو بند رہیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو چترال کی طرف سفر نہ  کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مالم جبہ اور دیگر سیاحتی علاقوں میں بھی شدید برفباری کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

مظفرآباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کچھ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جبکہ اکثر راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں لیکن بارش کی وجہ سے گاڑیوں کے پھسلنے کا خطرہ ہے۔

مانسہرہ سے مظفرآباد جانے والی روڈ لوہار گلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے۔

دوسری جانب شمالی بلوچستان میں قومی شاہراہ این 25 کو کھوجک کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ برفباری اور انتہائی کم درجہ حرارت کی وجہ سے گاڑیوں کے پھسلنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چمن سے کوئٹہ آنے اور جانے والی ٹریفک کو فی الحال روکنے کا کہا ہے۔

بالاکوٹ میں دوران برفباری مکان گرگیا:

بالاکوٹ کے علاقے کاغان میں برفباری سے مکان گرگیا تاہم مکینوں کو بچا لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ میں کاغان کے علاقے مکھڑیاں میں بشارت نامی شخص کا 3کمروں پر مشتمل مکان تباہ ہوگیا۔ 

علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ شخص کی مدد کی جائے۔ 

سوات میں شدید بارش سے مکان کی چھت گرگئی:

سوات میں مٹہ کے علاقے میں مکان کی چھت گر گئی۔ ذرائع کے مطابق مکان میں 13 افراد موجود تھے۔ تمام افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے تین بچوں کو ملبے تلے نکال لیا۔ مزید افراد کو نکالنے کیلیے امدادی کام جاری ہے۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔