حزاب اللہ کا اسرائیل پرمیزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان

حزاب اللہ کا اسرائیل پرمیزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان
کیپشن: حزاب اللہ کا اسرائیل پرمیزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ بھی باضابطہ طور پر میدان میں آ گئی ہے اور اس نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملے کے ردِعمل میں اسرائیل کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی قیادت پر حملے کے انتقام کے طور پر کی گئی۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہر حیفہ میں میزائل دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل لبنانی مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کرے۔ تنظیم کے مطابق اسرائیلی حملوں کے تسلسل اور اس کے قائدین، کارکنوں اور شہریوں کی ہلاکتوں نے انہیں اپنے دفاع اور "مناسب وقت اور مناسب مقام" پر جواب دینے کا حق دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب حزب اللہ نے اسرائیل کی طرف میزائل اور ڈرون فائر کیے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے پروجیکٹائلز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خطے میں جاری اس تیزی سے بدلتی صورتحال نے علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

Watch Live Public News