اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جناب انور الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں ایک وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جناب انور الحق کو آئینی اور جمہوری طریقے سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عھدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی , سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا ,5 اگست 2019 بھارت کا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے ، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ وفد میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کے وزراء کرنل (رٹائرڈ) وقار نور, فیصل ممتاز راٹھور , ممبر لیجسلیٹو اسمبلی چوہدری لطیف اکبر شامل تھے۔ ملاقات میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر , سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی (آزاد جموں و کشمیر) چوہدری یٰسین موجود تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال , مشیر وزیراعظم براے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔