عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، فیصلے عدالتیں کریں گی: رانا ثنا اللہ

عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، فیصلے عدالتیں کریں گی: رانا ثنا اللہ
کیپشن: عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، فیصلے عدالتیں کریں گی: رانا ثنا اللہ

ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی قسم کی ڈیل نہیں ہو رہی اور ان سے متعلق تمام معاملات عدالتوں کے سپرد ہیں، جو قانون اور آئین کے مطابق فیصلے سنائیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس وقت سیاسی طور پر مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق" میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سیزفائر میں تبدیل ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بعض عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ذاتی بغض اور منفی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانے سے گریز نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، اور امید ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کی تعریف صرف امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی نہیں بلکہ سعودی عرب اور ایران بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، اور کوئی بھی میگا منصوبہ ختم نہیں کیا گیا اور نہ ہی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گی۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق "معرکۂ حق" کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور اس کی کامیابی کے سامنے دیگر امور کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔

Watch Live Public News