پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی “معرکۂ حق” جیتا، دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا: عطا تارڑ

پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی “معرکۂ حق” جیتا، دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا: عطا تارڑ
کیپشن: پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی “معرکۂ حق” جیتا، دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا: عطا تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی سطح پر بھی “ معرکۂ حق” کامیابی سے لڑا اور خود کو دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر منوایا۔

ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے بعد حقائق مزید واضح ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور بھارت اس بات سے آگاہ ہے کہ وہ پاکستان کی تحویل میں ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی سطح پر مثبت انداز میں ابھر رہا ہے اور دنیا پاکستانی قیادت کی کارکردگی کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی اور عسکری دونوں محاذوں پر پاکستان نے اپنا مؤثر کردار منوایا ہے، جبکہ “ معرکۂ حق” میں نوجوانوں اور عوام کا کردار بھی قابلِ ستائش رہا، جنہوں نے بیانیے کی جنگ میں پاکستان کے امن پسند مؤقف کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول میں اپنے خطاب کے دوران پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شواہد طلب کیے، لیکن بھارت کی جانب سے کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، خواہ وہ اے پی ایس کا سانحہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، جبکہ پاکستان اس کے خلاف عملی اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین، خصوصاً نوجوان نسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی میڈیا کے بیانیے کو عالمی سطح پر چیلنج کیا اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔ ان کے مطابق، جب بھارتی حکام نے پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کیے تو پاکستانی صارفین نے ملی نغموں اور قومی ترانوں کے ذریعے مؤثر ردعمل دیا۔

Watch Live Public News