پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)  نے   پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کو چیلنج کرنے کیلئے نمائندگی دائر کردی گئی۔ نمائندگی شیخ امتیاز محمود، اعجاز شفیع، منیر احمد، میاں شبیر اسماعیل کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔نمائندگی صدر، وزیراعظم، گورنر پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ  ایکٹ کی متعدد شقیں آئین پاکستان کے آرٹیکلز 17، 32 اور 140-A سے متصادم ہیں،غیر جماعتی ماڈل سیاسی جماعتوں کا کردار کمزور کرتا ہے، مقامی نمائندوں کی جگہ انتظامی افسران کا کنٹرول، اختیارات کو متاثر کرے گا۔

  درخواست کے متن  کےمطابق  مالیاتی اختیارات مرکزیت کی طرف منتقل کرنا، بلدیاتی خود مختاری کو متاثر کرے گا، غیر معینہ مدت تک ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا اختیار غیر آئینی ہے،یونین کونسل چیئرمین کے براہ راست انتخاب کی بحالی ہونی چاہئیے، بلدیاتی نظام کے لیے پانچ سالہ مدت اور واضح شیڈول لازم کیا جائے۔

اعجاز شفیع کا کہنا ہے کہ  قانونی ماہرین کی جانب سے تیار کردہ تفصیلی اعتراضات حکومت کو بھجوا دئیے گئے ہیں، غیر جماعتی، ایک ووٹ ملٹی ممبر یونین کونسل ماڈل پر شدید تحفظات ہیں،  ایگزیکٹو مداخلت اور ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات پر سخت پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  لاہور ہائی کورٹ میں اعلامیہ اور حکم امتناع کی درخواست بروز پیر دائر کریں گے،  متنازع شقوں پر عملدرآمد روکنے اور بلدیاتی جمہوریت کے تحفظ کا مطالبہ کریں گے۔

Watch Live Public News