ویب ڈیسک:ملک میں موجودہ غیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں گزشتہ 5 روز کے دوران صرف راولپنڈی میں 216 غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کو حراست میں لے کر ہولڈنگ سینٹر منتقل کردیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق غیرقانونی افغان باشندوں کو مکان کرائے پر دینے پر سخت کارروائی کی جارہی ہے، اور 18 مالک مکان بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ شہری غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو اپنی پراپرٹی ہرگز کرایہ پر نہ دیں، نہ ہی فروخت کریں، قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
پولیس نے کہا ہے کہ شہری اپنی گاڑی، رکشہ یا دیگر اشیا بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو نہ دیں، نہ ہی کاروباری معاملات یا لین دین کریں۔
پولیس نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ کوئی شہری کسی غیر قانونی مقیم غیر ملکی کو ملازمت پر نہ رکھے، قانونی طور پر مقیم غیر ملکی متعلقہ تھانہ میں اپنی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔
حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران غیر قانونی مقیم افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کےخلاف کریک ڈاؤن،
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) November 2, 2025
63 مقدمات درج،افغان باشندوں کو مکان کرایہ پر دینےوالے 18 مالک مکان گرفتار ،
216 غیرقانونی مقیم افغانیوں کو تحویل میں لیکر ہولڈنگ سنٹر منتقل کردیاگیا،
راولپنڈی پولیس نے تمام شہریوں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ارد گرد نظر رکھیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی اطلاع پولیس کو فراہم کریں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائےگا۔
واضح رہے کہ ملک میں موجود غیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک لاکھوں غیرقانونی افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعد غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلا کے عمل میں تیزی آئی ہے۔