کراچی ( پبلک نیوز) ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن سرکل کی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں چھاپہ مار کارروائی۔ ھنڈی کے غیر قانونی کاروبار اور سرگرمیوں میں ملوث سوئس ایکسچینج کمپنی کا مینجر سلطان دامانی گرفتار۔ ملزم لائسنس کی آڑ میں حوالہ ھنڈی کے غیر قانونی کاروبار اور سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے افسران پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں واقع سوئس ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ کے دفتر پر کارروائی کی۔ ملزم کے قبضے سے حوالہ ھنڈی میں ملوث اشیاء اور دیگر دستاویزات ضبط کر لی گئیں۔ ملزم درآمد کنندگان کی جانب سے منگوائی گئی اشیاء کی ادائیگی حوالہ ھنڈی کے ذریعے کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا تھا۔ ملزم سے مجموعی طور پر پاکستانی کرنسی روپے14٫304٫390 غیر ملکی کرنسی 15٫102٫020 مساوی پاکستانی روپے 29,406,410 کل رقم برآمد کرکے ضبط کر لیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق ملزم کی نشاندھی پر ملزم کے گھر سے 180,000/- امریکی ڈالر اور 3000 برٹش پاونڈ بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزم امریکی ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرکے پاکستانی روپے کی حالیہ گرتی ہوئی قدر سے فائدہ اٹھانا چاہتا تھا۔ ملزم سلطان دامانی ودیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کو حصول ریمانڈ آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔