گلوبل صمود فلوٹیلا کے ارکان کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، اطالوی وزیرخارجہ

گلوبل صمود فلوٹیلا کے ارکان کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، اطالوی وزیرخارجہ
کیپشن: گلوبل صمود فلوٹیلا کے ارکان کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، اطالوی وزیرخارجہ

ویب ڈیسک: اطالوی وزیرخارجہ انتونیو تاجانی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج گلوبل صمود فلوٹیلا کے جہازوں پر سوار کارکنوں کو اشدود لے جائے گی جہاں سے اُن کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں اطالوی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ اس حوالے سے اطالوی سفارت خانے اور قونصلیٹ کو ہدایت دی گئی ہیں کہ عملے کی مدد کریں۔

انتونیو تاجانی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے یقین دہانی کرائی ہے فلوٹیلا عملے پر تشدد نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے ان کو آگاہ کیا تھا کہ فورسز فلوٹیلا پر سوار ہوں گی، لیکن طاقت کا استعمال نہیں کرینگی۔

دوسری جانب، صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور کارکنوں کی گرفتاری پر حماس نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے انسانی حقوق کے کارکنوں کو گرفتار کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

حماس رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کا یہ عمل بحری قزاقی اور دہشت گردی کے مترادف ہے۔ اسرائیل کے اس اقدام نے دنیا بھر کے لوگوں کا غصہ مزید بھڑکا دیا ہے۔

مزاحمتی تنظیم نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جرم کی مذمت کرے۔ اور اس حواے سے اپنے قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے ، حماس نے مطالبہ کیا کہ کارکنوں اور امدادی کشتیوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ یہ صمود فلوٹیلا 31 اگست کو اسپین سے روانہ ہوا تھا، تاہم راستے میں مزید ملکوں سے قافلے شامل ہوتے گئے۔ رپورٹس کے مطابق فلوٹیلا کی درجنوں کشتیوں پر 500 کے قریب افراد سوار ہیں تاہم اسرائیلی بحریہ نے فلسطینی سمندری حدود سے تقریباً 90 میل دور متعدد جہازوں کو روک کر تحویل میں لیا۔

Watch Live Public News