ویب ڈیسک: سعودی عرب میں وزارت محنت و افرادی قوت نے گھریلو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا چوتھا مرحلہ بینکوں کے ذریعے شروع کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افرادی قوت کی وزارت نے کہا ہے کہ چوتھا مرحلہ ان آجروں کیلئے ہے جن کے پاس دو یا دو سے زیادہ گھریلو ملازم ہیں۔
اطلاعات کے مطابق افرادی قوت کی وزارت نے گھریلو ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں بینک کے ذریعے مختلف مراحل میں بھجوانے کا عمل نافذ کیا تھا تاکہ مقامی آجروں کو سہولت مل سکے۔
مساند پورٹل کے ذریعے دوسرے مرحلے میں کم از کم 4 گھریلو ملازمین والے آجر شامل تھے۔
پہلا مرحلہ جولائی 2024 سے شروع کیا گیا تھا جس کے تحت نئے آنے والے کارکنوں کی ماہانہ اجرت بینکوں کو ادا کرنا ضروری تھا۔
دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری 2025 میں کیا گیا تھا۔ جب کہ تیسرا مرحلہ جولائی 2025 میں شروع کیا گیا تھا جس میں 3 ملازمین والے آجروں کو بینکوں کے ذریعے تنخواہیں ادا کرنے کا پابند کیا گیا تھا۔
وزارت کے مطابق مساند پورٹل کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کے تمام مراحل جنوری 2026 تک مکمل ہو جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق مساند پورٹل گھریلو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیا گیا تھا۔ تاکہ دونوں کے حقوق کا تحفظ ہو سکے۔