ویب ڈیسک: (دانش منیر) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگا دی۔ جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر منظوری سوشل میڈیا پر حکومتی پالیسی یا ذاتی رائے دینا ممنوع قراردیا گیا ہے۔ ذاتی شہرت یا سوشل میڈیا پر خود نمائی سختی سے ممنوع قرار دیدی گئی ہے۔سول سرونٹس کو سوشل میڈیا پر بیانات، رائے یا معلومات شیئر کرنے کے لئے محتاط رہنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی سے متعلق متنبہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ قرار دیا گیا ہے کہ افسران کا عمل عوامی تاثر پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لیے انہیں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سمیت تمام پلیٹ فارمز پر احتیاط لازم قرار دی گئی ہے۔
ایسا مواد جس سے قومی سلامتی، امن عامہ یا اخلاقیات متاثر ہوں، سختی سے منع ہے۔حکومت یا عدالت کی توہین، غیر قانونی افعال یا فرقہ واریت پھیلانے والا مواد ناقابل برداشت ہوگا۔ سوشل میڈیا پر اعلیٰ اخلاقی معیار، دیانت اور ذمہ داری لازم قرار دی گئی ہے۔