ویب ڈیسک: بھارت کی فلم "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2" کے اداکار وشال برہما کو کروڑوں روپے کی منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ وشال برہما 28 ستمبر کو سنگاپور سے چنئی پہنچے تھے۔ جہاں انہیں ایئر انٹیلی جنس افسران نے تلاشی کے لیے روکا۔
چیکنگ کے دوران، انٹیلی جنس اہلکاروں کو وشال کے ٹرالی بیگ کے نیچے سے ایک باکس ملا جس میں 3.5 کلو گرام کوکین موجود تھی، جس کی مالیت 400 ملین بھارتی روپے (7 ارب پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے وشال برہما کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وشال کو نائیجیریا میں منشیات سمگل کرنے والے گینگ نے پھنسایا ہے، اداکار وشال چھٹیاں گزارنے کمبوڈیا آیا تھا، واپسی پر اس نے نائیجیرین گینگ سے پیسوں کے عوض ٹرالی بیگ لینے کا کہا، جس کے بعد گینگ نے وشال کے ٹرالی بیگ کو منشیات اسمگلنگ کیلئے استعمال کرتے ہوئے اسے پھنسایا۔
بھارتی پولیس کی جانب سے اسمگلنگ کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، نائجیرین گینگ کی تلاش کے دوران پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ وشال کا موقف درست ہے یا خود کو بچانے کی کوئی سازش ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وشال برہما نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2" میں سائیڈ رول ادا کیا ہے۔