لاہور،اسلام آباد میں طوفانی بارشیں،نالہ لئی کی سطح بلند،خطرے کے الارم بج گئے

لاہور،اسلام آباد میں طوفانی بارشیں،نالہ لئی کی سطح بلند،خطرے کے الارم بج گئے
کیپشن: لاہور،اسلام آباد میں طوفانی بارشیں،نالہ لئی کی سطح بلند،خطرے کے الارم بج گئے

ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون کا نواں اور تگڑا اسپیل جاری ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ رات ہونے والے کلاؤڈ برسٹ سے مین شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بھارہ کہو کے علاقے میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ خیابان سرسید ضیا کالونی میں برساتی نالہ بپھرجانے سےپانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔

نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے خطرے کے الارم بج گئے:

جڑواں شہروں میں بارش سے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی، جس کے بعد انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے، نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کر دی گئی۔

پشاور میں شدید بارش،بی آرٹی سروس معطل:

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے۔

بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

شدید بارش کے باعث فیڈر روڈز پر پانی کھڑا ہونے اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی سروس اگلی اطلاع تک مکمل طور پر بند رہے گی تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صورتحال بہتر ہونے کے بعد سروس کی بحالی سے متعلق دوبارہ آگاہ کیا جائے گا۔

 دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے، رات گئےسے شروع ہوئی بارش ابھی تک جاری ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے علاقوں ہری پور اور گردونواح میں تیز بارش ہوئی، برساتی نالوں میں طغیانی دیکھنے میں آئی۔

آزادکشمیر کے علاقوں مظفرآباد اور باغ میں جم کر بادل برسے، مالا کنڈ، بٹ خیلہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا۔

بونیر کے علاقے پیر بابا اور مضافات میں بھی طوفانی بارش ہوئی، پانی بازار میں داخل ہوگیا، بارش کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، بونیر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔

Watch Live Public News