ویب ڈیسک: سوئٹزرلینڈ کی فوڈ جائنٹ کمپنی نیسلے نے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) لوراں فریکسے کو اچانک عہدے سے ہٹا دیا۔ کمپنی کے مطابق فریکسے نے اپنی ایک ماتحت ملازمہ کے ساتھ رومانوی تعلق کو چھپایا، جو کمپنی کے بزنس کنڈکٹ ضابطے کی خلاف ورزی تھی۔
نیسلے کے مطابق، فوری طور پر فلپ نوراتیل کو نیا سی ای او تعینات کر دیا گیا ہے، جو اس سے قبل نیسپریسو کافی یونٹ کے سربراہ تھے اور گزشتہ دو دہائیوں سے کمپنی کے ساتھ وابستہ ہیں۔
یہ برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیسلے پہلے ہی مشکل کاروباری حالات اور عالمی تجارتی چیلنجز سے دوچار ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ طویل عرصے سے چیئرمین رہنے والے پال بُولکے اگلے سال سبکدوش ہو جائیں گے۔
کمپنی کے مطابق فریکسے کی برطرفی ایک داخلی انکوائری کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں ان کے خفیہ تعلق کی تصدیق ہوئی۔ چیئرمین پال بُولکے نے اس فیصلے کو "ناگزیر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیسلے کی اقدار اور گورننس ہی اس کی اصل بنیاد ہیں۔
لوراں فریکسے کو سی ای او بنے صرف ایک سال ہوا تھا۔ ان سے قبل مارک شنائیڈر کو ہٹا کر یہ عہدہ ان کے سپرد کیا گیا تھا۔
ادھر نئے سی ای او فلپ نوراتیل 2001 سے کمپنی کے ساتھ ہیں اور مختلف ممالک میں انتظامی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ وہ جنوری 2025 سے نیسلے کے ایگزیکٹو بورڈ کا حصہ ہیں۔