نئی دہلی: ناگپور سے کولکتہ جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E812 کے ساتھ پرندہ ٹکر انے کے بعد ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔ یہ واقعہ پرواز کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں 272 مسافر سوار تھے۔ پرندے کی ٹکر سے طیارے کا اگلا حصہ متاثر ہوا ہے۔ پائلٹ کی ہنگامی لینڈنگ سے بڑا حادثہ ٹل گیا ہے۔ طیارے میں موجود تمام مسافر محفوظ ہیں اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
سینئر ایئرپورٹ ڈائریکٹر عابد روحی کے مطابق، ’’ہم معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں، مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔‘‘
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جہاز کا مکمل معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ صورتحال واضح ہو سکے۔
انڈیگو کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ "2 ستمبر 2025 کو ناگپور سے کولکتہ جانے والی انڈیگو پرواز کو اڑان کے فوراً بعد پرندے سے ٹکر کا سامنا ہوا۔ احتیاطی طور پر پائلٹس نے واپسی کا فیصلہ کیا اور جہاز بحفاظت ناگپور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ ضروری معائنے اور مرمت کے باعث یہ پرواز آج منسوخ کر دی گئی ہے۔"