کورین بینڈ بی ٹی ایس کےجنگ کک  کادماغی بیماری  میں مبتلا ہونے کا اعتراف 

کورین بینڈ بی ٹی ایس کےجنگ کک  کادماغی بیماری  میں مبتلا ہونے کا اعتراف 

(ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جنگ کک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دماغی مرض اے ڈی ایچ ڈی (توجہ کی کمی اور زیادہ سرگرمی) میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے وہ پرسکون نہیں بیٹھ پاتے۔ 

بی ٹی ایس کے گلوکار جنگ کک نے اپنی 28ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے پہلی بار اپنے دماغی عارضے کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اے ڈی ایچ ڈی (توجہ کی کمی اور زیادہ سرگرمی) کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ ایک جگہ پرسکون بیٹھ نہیں پاتے۔

لائیو سیشن کے دوران جنگ کک نے اپنے والدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی زندگی کو مزید صحت مند بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی سالگرہ ان کے لیے کوئی خاص دن نہیں بلکہ صرف وہ دن ہے جب وہ پیدا ہوئے تھے۔

جنگ کک نے مداحوں کو متنبہ بھی کیا کہ کچھ اجنبی لوگ غیر قانونی طور پر ان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، جو کہ قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔

اے ڈی ایچ ڈی  بیماری کیا ہے؟

اے ڈی ایچ ڈی (توجہ کی کمی اور زیادہ سرگرمی) ایک دماغی کیفیت ہے جس میں متاثرہ فرد کو توجہ مرکوز رکھنے میں دشواری ہوتی ہے، وہ زیادہ متحرک ہوتا ہے اور اکثر غیر ارادی طور پر فوری ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔ ایسے افراد عموماً پرسکون نہیں بیٹھ پاتے اور بغیر سوچے سمجھے عمل کر بیٹھتے ہیں۔

خیال رہے کہ بی ٹی ایس، جنوبی کوریا کا دنیا بھر میں مقبول میوزیکل بینڈ ہے، جس کے لاکھوں مداح دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہیں۔ اس بینڈ کے ارکان میں جنگ کک، پارک جیمن، وی، شوگا، جن، آر ایم اور جنگ ہوسیوک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2025 میں بی ٹی ایس کے تمام ارکان نے اپنی لازمی فوجی سروس مکمل کرلی ہے، جس کے بعد گروپ نے دوبارہ اپنی میوزیکل سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Watch Live Public News