ویب ڈیسک: ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی نغمہ ’ دو دل، ایک جان‘ جاری کردیا۔
پاک ترک دوستی کے جذبے سے سرشار اس نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں آواز کا جادو جگایا ہے۔ نغمے کے ذریعے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات، مشترکہ ثقافت، اقدار، بھائی چارے اور باہمی محبت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
’ دو دل، ایک جان‘ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے ترتیب دی، جبکہ کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے کی ہے۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آوازوں سے سجایا ہے۔
" دو دل، ایک جان"پاکستانی فنکاروں کی آواز میں پاک ترک دوستی کا خصوصی نغمہ جاری. آئی ایس پی آر نے ترکیہ کے 104 ویں یوم فتح پر منفرد نغمہ " دو دل ، ایک جان" جاری کر دیا.
— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 31, 2026
نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں آواز کا جادو جگا کر پاک ترک تاریخی برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی… pic.twitter.com/4KJceCQBUf
نغمے کی خاص بات اردو اور ترک زبان کا خوبصورت امتزاج ہے۔ اس میں شریک تمام گلوکار اور فنکار پاکستانی ہیں، جنہوں نے اپنی آواز اور فن کے ذریعے پاک ترک دوستی اور دونوں قوموں کے درمیان گہرے جذباتی و ثقافتی رشتے کی عکاسی کی ہے۔
آئی ایس پی آر کا یہ خصوصی نغمہ نہ صرف پاک ترک دوستی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مشترکہ اقدار، ثقافتی قربت اور باہمی محبت کے دیرینہ رشتے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر ’ دو دل، ایک جان‘ کا اجرا پاک ترک برادرانہ تعلقات کے عزم کی تجدید اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک خوبصورت کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔