ویب ڈیسک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 16 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف بھی موجود تھے۔
دونوں ممالک کے درمیان خارجہ امور، ٹرانزٹ تجارت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، طبی تعلیم اور تجارت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں ہوئیں۔
پاکستان اور کرغزستان نے منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام، ورچوئل اثاثہ جات، ڈاک اور ای کامرس کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا، جبکہ ملزمان کی حوالگی سے متعلق معاہدہ بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت بھی طے پائی۔
تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر صادر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔