پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف طبقات کیلئے سبسڈی پیکج کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف طبقات کیلئے سبسڈی پیکج کا اعلان
کیپشن: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف طبقات کیلئے سبسڈی پیکج کا اعلان

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مختلف طبقات کے لیے سبسڈی پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیر خزانہ کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کو تین ماہ کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ انٹرسٹی اور فریٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی ایک ماہ کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مال بردار گاڑیوں کو بھی اسی مدت کے لیے فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں کو ماہانہ 70 ہزار روپے جبکہ بڑی گاڑیوں کو 80 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی، جبکہ پبلک سروس بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ون ٹائم 1500 روپے سبسڈی دی جائے گی اور ڈیزل پر بھی اسی مالیت کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ کے مطابق اس سبسڈی پیکج کا ایک ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ریلوے کے شعبے کو بھی حکومتی معاونت فراہم کی جائے گی۔

حکومت نے پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

Watch Live Public News