اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارت مختلف ویب سائٹس کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، اس صورتحال میں علماء کرام کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ دینی اور معاشرتی سطح پر علماء کا عوام سے براہ راست رابطہ رہتا ہے، ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں سے نمٹنے کیلئے علماء کرام عوام کو آگاہی دیں، ہمیں اتحاد و اتفاق سے ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے،سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سی پیک منصوبے کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے، پیغام پاکستان پر 1800سے زائد علماء اور مفتیان کے دستخط موجود ہیں، ہمارا آئین تمام لوگوں کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے، آئین کے تحت بنیادی حقوق کا نفاذ بہت اہم ذمہ داری ہے، پاکستان کا نہ صرف اس خطے میں بلکہ پوری دنیا میں اہم کردار ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، ہم امن کو موقع دینا چاہتے ہیں، پاکستان کسی بھی قسم کے انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا، وزیر اعظم عمران خان کا اس حوالے سے دو ٹوک موقف ہے، آپسی اختلافات کے ذریعے دشمن ہمارے خلاف سازش کرتا ہے، پاکستان میں کرونا وائرس کے باوجود گروتھ اور ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا۔