(ویب ڈیسک ) مودی کے اربوں کے دفاعی بجٹ کے باوجود رافیل کی تباہی نے بھارتی دفاعی دعوؤں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی جریدہ آپریشن سندور میں پاکستان کی دفاعی برتری اور بھارتی شکست کی وجوہات منظر عام پر لے آیا۔ بین الاقوامی جریدے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے بھارت کا جدید ترین رافیل طیارہ چینی ٹیکنالوجی سے مار گرایا،پاک فضائیہ نے ائیر چیف ظہیر احمد سدھو کے خصوصی احکامات پر بھارتی رافیل کو نشانہ بنایا۔
رائٹرز کے مطابق گھنٹہ بھر جاری فضائی لڑائی میں کسی جنگ میں تباہ نہ ہونے والا رافیل مار گرانا تاریخی واقعہ ہے، رافیل کی تباہی کی بنیادی وجہ بھارتی انٹیلیجنس کی ناکامی تھی، بھارتی انٹیلی جنس نے میزائل کی رینج غلط اندازہ لگایا، جس سے رافیل پائلٹس کو غلط فہمی ہوئی۔
رائٹرز کے مطابق پاکستانی جے 10 سی طیاروں نے چینی PL-15 میزائل سے 200 کلومیٹر سے حملہ کیا، پاکستان نے الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے بھارتی ریڈار اور مواصلاتی نظام جیم کیے، پاکستان نے چینی سسٹم، سویڈش ریڈار اور پاکستانی ڈیٹا لنک کی مدد سے میدان جنگ میں سبقت حاصل کی۔
بھارتی فضائی بیڑہ مختلف ممالک کے طیاروں پر مشتمل، بھارت کے پاس موثر نیٹ ورک موجود نہیں تھا، ابتدائی نقصانات کے بعد، بھارت نے حکمت عملی بدلی، براہموس میزائلوں سے پاکستانی تنصیبات پر حملے کیے۔
رائٹرز کے مطابق چین کے ایئر چیف نے پاکستان کا دورہ کر کے چینی ٹیکنالوجی کی کامیابی کا جائزہ لیا، پاک بھارت جنگ بندی امریکی سفارتی مداخلت کے بعد ممکن ہوئی۔
فرانس کے ایئر چیف کی تصدیق کے باوجود، مودی سرکار نے رافیل کے تباہ ہونے کو تسلیم نہ کیا، پہلی بار کسی جنگ میں رافیل کا گرنا مودی سرکار کے لیے رسوائی کا سبب بن گیا ، مودی کی ناقص حکمت عملی نے بھارتی افواج کو میدان جنگ میں ذلیل و رسوا کر دیا۔