ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) نے برتری برقرار رکھی۔ 20 میں سے 19 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 14 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ مہاجرین کی پنجاب میں قائم تمام 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر لی، جبکہ مجموعی طور پر بھی پارٹی سب سے زیادہ نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔
تاہم حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
اہم نتائج
ایل اے 25 (نیلم ویلی 1): مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر 18,925 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید 13,596 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 26 (نیلم ویلی 2): پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید 17,466 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر 15,494 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 29: پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان 19,792 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سید افتخار علی گیلانی 16,413 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 30، 31 اور 32 (مظفرآباد): مسلم لیگ (ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی، ثاقب مجید راجہ اور راجہ محمد فاروق حیدر نے کامیابی حاصل کی۔
ایل اے 33: پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان قمر چغتائی کامیاب قرار پائے۔
مہاجرین کی نشستوں پر نتائج
مہاجرین کی نشستوں میں مسلم لیگ (ن) نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے پنجاب کی تمام 10 نشستیں اپنے نام کر لیں۔ کامیاب امیدواروں میں ناصر حسین ڈار، چوہدری محمد اسماعیل، محمد احسن رضا، مریم جاوید، ذیشان علی، راجہ محمد صدیق، محمد عامر شاہ، سید شوکت علی شاہ، محمد یاسین لون اور محمد احمد رضا قادری شامل ہیں۔
دوسری جانب کشمیر ویلی کی نشستوں میں پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار (ایل اے 40) اور عبدالماجد خان (ایل اے 45) کامیاب رہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کو غیر حتمی اور غیر سرکاری قرار دیا گیا ہے، جبکہ حتمی نتائج ریٹرننگ افسران کی جانب سے سرکاری طور پر جاری کیے جائیں گے۔