پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا

پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا
کیپشن: پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور متحدہ عرب امارات کے سفارتی حکام نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد گزشتہ کئی ماہ سے جاری ویزا معاملات سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں کمی آنے کی امید ہے۔

ٹریول انڈسٹری کے حکام کے مطابق ویزا اجرا کی بحالی سے خاص طور پر خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، جن کی درخواستیں اب پہلے کی نسبت زیادہ تیزی سے منظور ہو رہی ہیں۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے ویزا پراسیسنگ میں بہتری دیکھی جا رہی ہے، جبکہ فیملیز کی درخواستوں کی منظوری کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم انفرادی درخواست گزاروں کو گزشتہ کچھ عرصے کے دوران زیادہ جانچ پڑتال کا سامنا رہا ہے۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتی حکام کے مطابق عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہری، جو رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے مکمل دستاویزات کے ساتھ درخواست دے رہے ہیں، ان کے لیے وزٹ ویزا دستیاب ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں سیکیورٹی اور دیگر احتیاطی اقدامات کے باعث کچھ تاخیر ہوئی تھی۔

امیگریشن حکام کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ایک پاکستانی امیگریشن اہلکار کے مطابق جولائی کے آخری ہفتے تک پاکستان سے روزانہ تقریباً 400 مسافر دبئی روانہ ہو رہے تھے، جبکہ گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد تقریباً 170 مسافر روزانہ تھی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، جبکہ یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ ویزا سہولت میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان سفری اور معاشی روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

Watch Live Public News