ویب ڈیسک: پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے معاملے پر نجکاری کمیشن نے شامل چار کمپنیوں کو تازہ صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے بولی 10 سے 15 دسمبر کے درمیان متوقع ہے۔ اس وقت قومی ایئر لائن یومیہ 70 پروازیں آپریٹ کر رہی ہے، جن میں سے 45 بین الاقوامی اور 25 ڈومیسٹک پروازیں شامل ہیں۔ پی آئی اے کے پاس مجموعی طور پر 34 طیارے ہیں، جن میں سے صرف 18 آپریشنل ہیں۔ اس کے علاوہ، پی آئی اے 18 بین الاقوامی روٹس اور 13 ڈومیسٹک روٹس پر پروازیں چلا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری سے جون 2025 تک کے چھ ماہ کے دوران قومی ایئر لائن کو 112 ارب روپے کی آمدنی ہوئی، اور اس وقت پی آئی اے کے پاس کل 9,500 ملازمین ہیں، جن میں 6,500 مستقل اور 3,000 کنٹریکٹ یا ڈیلی ویجز ملازمین شامل ہیں۔
تاہم، خریداری میں شامل کمپنیوں نے ابھی تک ایئر لائن کے ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
مزید برآں، پی آئی اے جلد لندن اور برمنگھم کے لیے نئی پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ حکومت قومی ایئر لائن کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس سے ایئر لائن کی نجکاری کے عمل میں تیزی لائی جائے گی۔