(ویب ڈیسک ) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائی ہوئی ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا۔ جس کے بعد ملک میں بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسکردو میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ کوئٹہ میں منفی 4، پشاور میں 2، اسلام آباد میں 3، لاہور میں 7 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔