(ویب ڈیسک ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوری 2025 میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سال 2024 کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی جو دسمبر 2024 میں 4.1 فیصد تک کم ہوئی، جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی سے تمام شعبوں میں ترقی کے مثبت اعشاریے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں مزید کمی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے، حکومت پاکستان مہنگائی میں مزید کمی، عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور قومی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔