ویب ڈیسک: سرگودھا میں پالتو کتے کو مارنے سے روکنے پر بھائی اور بہن کو اجتماعی تشدد کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 17 افراد ملوث بتائے جا رہے ہیں۔
بھاگٹانوالہ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بنگلہ لالوالی کے قریب سے گزر رہی تھیں کہ مرکزی ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان پر تشدد کیا۔
درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ چار روز قبل مرکزی ملزم ان کے پالتو کتے کو مار رہا تھا، جس پر انہوں نے اسے منع کیا تو ملزم نے غصے میں آ کر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایات پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں 13 افراد کو نامزد جبکہ 4 افراد کو نامعلوم ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔