خیبرپختونخوا: گرلز کالجز میں  ماڈلنگ، موسیقی، رقص اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی

خیبرپختونخوا: گرلز کالجز میں  ماڈلنگ، موسیقی، رقص اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی

(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں گرلز کالجز میں ماڈلنگ،   موسیقی، رقص  اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے صوبے بھر کے گرلز کالجز کے پرنسپلز کو تقریبات کے انعقاد سے متعلق خط ارسال کردیا ۔خط میں گرلز کالجز میں ویلکم، فیئر ویل پارٹیز، اسپورٹس گالا اور ثقافتی پروگرامز کیلئے پیشگی اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ تقریب سے قبل ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے اجازت لینا اور مہمانوں کی فہرست جمع کرانا ضروری ہوگا۔ 

خط کے مطابق گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ کالج اوقات اور تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ  تقریبات میں شرکت کے لیے طالبات کو کالج یونیفارم پہننا لازمی ہوگا۔ طالبات کی حفاظت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات ہوں گے۔ 

خط کے مطابق تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔ تمام تقریبات کو سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد کی جائے،خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ 

خط میں  یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے کالجز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔

Watch Live Public News