ویب ڈیسک: ملک بھر میں شبِ برأت نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مساجد اور گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں لوگ نفل نمازوں، قرآن خوانی اور دعاؤں میں مصروف ہیں۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ شبِ برأت ایک ایسی رات ہے، جس میں اللہ کی رحمت و مغفرت کا دروازہ کھلتا ہے۔ اس رات گناہوں میں ڈوبے بندوں کے لیے توبہ کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ یہ رات خاص طور پر برکتوں اور مغفرت کی حامل ہے۔
علمائے کرام شبِ برأت کے بے شمار فضائل بیان کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس رات میں اللہ کے حکم سے بندوں کا رزق، زندگی اور موت سے متعلق فیصلے لکھے جاتے ہیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ اس رات کو لیلۃ المبارکہ کہا جاتا ہے۔ حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ اس رات میں قیام کیا جائے اور دن کو روزہ رکھا جائے۔ یہ رات عبادت کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس رات کے اعمال اللہ کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں۔