ظہران ممدانی پاکستانی خاتون سے ملاقات کے دوران رو پڑے

ظہران ممدانی پاکستانی خاتون سے ملاقات کے دوران رو پڑے
کیپشن: ظہران ممدانی پاکستانی خاتون سے ملاقات کے دوران رو پڑے

ویب ڈیسک: نیویارک کے میئر، ظہران ممدانی، شہریوں سے ملاقات کے دوران اُس وقت جذباتی ہو گئے جب ایک پاکستانی خاتون کی سادہ مگر دل کو چھو لینے والی گفتگو نے ماحول کو جذباتی بنا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، میئر ممدانی نے نیویارک کے شہریوں کے مسائل سننے اور چیلنجز پر بات کرنے کے لیے 142 شہریوں سے بالمشافہ ملاقات کی۔ اس دوران مہنگائی، رہائش، صحت، تعلیم اور روزگار جیسے مسائل پر گفتگو ہوئی، اور میئر نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران ایک پاکستانی خاتون، ثمینہ، نے کہا کہ ان کی انگریزی زیادہ اچھی نہیں اور وہ کچھ باتیں لکھ کر لائی ہیں۔ خاتون نے میئر سے اردو بولنے کی درخواست کی، جس پر ممدانی نے خوش دلی سے جواب دیا کہ وہ اردو بول سکتے ہیں، مگر پڑھ نہیں سکتے۔ پھر خاتون نے میئر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا نفرت میں مبتلا ہے، آپ نے لوگوں کے دلوں میں محبت اور امید پیدا کی ہے۔

خاتون کے جذباتی الفاظ نے میئر ممدانی کو بے حد متاثر کیا اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

یاد رہے کہ 34 سالہ ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں اور صدی کے کم عمر ترین میئر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سٹی ہال میں حلف اٹھایا اور کہا کہ آج سے نیویارک میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، جہاں وہ بلا تفریق تمام شہریوں کے میئر ہوں گے۔

Watch Live Public News