ویب ڈیسک: نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی کا پاکستان کی خوبصورتی کا برملا اعتراف، کہا کہ انھوں نے ایک بار لاہور کا سفر کیا تھا اور لاہور انتہائی خوبصورت شہر ہے۔
حلف لینے کے بعد میئر ظہران ممدانی کی ملاقات لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون ثمینہ سے ہوئی، یہ ملاقات عکاسی کرتی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی درحقیقت پاکستان کے حقیقی سفیر اور مثبت چہرہ ہیں۔ پاکستانی شہری ثمینہ نے ظہران ممدانی کو میئر نیویارک منتخب ہونے پر مبادکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا رویہ اور لوگوں کے لئے دلی ہمدردی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی دنیا جہاں لوگ متحد نہیں ، اُن کے دلوں میں نرمی پیدا کرنے پر میں آپ کی مشکور ہوں۔ اس مشکل وقت میں آپ ہمارے لئے روشنی اور امید کی کرن بن کر سامنے آئے ہیں۔
پاکستانی شہری نے مزید کہا کہ جب میں نیویارک سے باہر جاتی ہوں تو مجھے لوگوں کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نظر آتا ہے۔ آپ کی وجہ سے نیویارک کی خوبصورتی دوبالا ہو چکی ہے۔ آپ جیسے لوگ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نعمت اور تحفہ ہیں۔
واضح رہے کہ ظہران ممدانی ثمینہ سے ملاقات کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔ ملاقات میں گفتگو سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ظہران ممدانی کی پاکستان سے محبت واضح جھلکتی ہے۔