ویب ڈیسک: پاکستان ایئرفورس نے تیمورویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فضائیہ نے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔فضا سے لانچ کئے جانے والے تیمور کروز میزائل کی رینج 600 کلومیٹر ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ مکمل کیا۔ تیمور ویپن سسٹم قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں اہم سنگِ میل ہے۔تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل میں روایتی وار ہیڈ نصب ہے۔ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس تیمور کو انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔خصوصی ڈیزائن کی بدولت تیمور اے ایل سی ایم دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں سے مؤثر طور پر بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تیمور کروز میزائل کی انتہائی درست حملے کی صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی ڈیٹرنس اور عملی لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے۔
چیف آف ایئراسٹاف کی کامیاب تجربے پر مبارکباد:
چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے سائنس دانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
ائیر چیف نے پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
ایئرچیف نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں تکنیکی خود کفالت کے حصول اور قابلِ اعتماد روایتی ڈیٹرنس برقرار رکھنے کے قومی عزم کی عکاس ہیں۔ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی مسلسل عملی تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کا عکاس ہے۔