ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر نکولس مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کرکے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وینزویلا اور اس کی قیادت کیخلاف بڑے پیمانے پر کامیاب آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ اس حوالے سے آج گیارہ بجے مارالاگو میں پریس کانفرنس کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکام نے سی بی ایس نیوز کو بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے اندر مختلف مقامات، جن میں فوجی تنصیبات بھی شامل ہیں، پر حملوں کا حکم دیا۔
یہ حملے خطے میں کئی مہینوں سے جاری امریکی فوجی تیاریوں کے بعد کیے گئے ہیں، جن کے تحت طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ اور متعدد دیگر جنگی بحری جہاز بحیرۂ کیریبین میں تعینات کیے گئے تھے۔ اور ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف اپنی مہم میں مزید شدت پیدا کی۔
دوسری جانب، روسی میڈیا کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو صدارتی محل چھوڑ کر جا چکے ہیں۔