(ویب ڈیسک)وزیراعلی مریم نواز شریف نے چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کے والدین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے جاں بحق بچوں کی ماؤں سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ چھت گرنے سے بچوں کی وفات کی اطلاع ملنے پر ہونے والا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔
انہوں نے متاثرہ بچوں کی ماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دکھ بہت بڑا ہے، میں خود ماں ہوں، آپ کا غم سمجھ سکتی ہوں۔
متاثرہ بچوں کی ماں نے وزیر اعلی مریم نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بچوں نے بتایا کہ ایک اینٹ گری ہے تو خاتون ٹیچر کو بچوں کو چھٹی دے دینی چاہئے تھی۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے حادثے میں زندہ بچ جانے والے دو بچوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پیار کیا۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے بچوں نے بتایا کہ چھت سے اینٹیں گرنے پر انہوں نے ٹیچر سے چھٹی دینے کا کہا تھا لیکن ٹیچر نے چھٹی نہ دی۔
متاثرہ خاندانوں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد، بروقت امداد اور علاج کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔