ویب ڈیسک: سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 44 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا جبکہ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، نارووال اور سیالکوٹ میں کی گئیں، اس کے علاوہ خانیوال، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، رحیم یار خان اور بہاولپور میں بھی آپریشنز کیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران لاہور سے ٹی ٹی پی کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، جیکٹ، ہینڈ گرنیڈ اور 37 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت محمد خان، عبدالرؤف، حبیب اللہ، محمد شہزاد اور حمایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ہونے والوں میں اسامہ، عظیم، طارق خان، تنویر احمد، احسن اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، مئی میں 2738 کومبنگ آپریشنز کے دوران 673 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 96 ہزار 796 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔