(ویب ڈیسک ) کور کمانڈر لاہور نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر پاکستانی قوم اور افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو عیاں کر دیا۔
کور کمانڈر لاہور کی پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست، پنجاب یونیورسٹی آمد پر کور کمانڈر کا پر تپاک استقبال کیا گیا ۔
کور کمانڈر نے معرکہء حق کے تناظر میں طلبہ کی بنائی ہوئی خوبصورت پینٹنگز کا مشاہدہ کیا ۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے معرکہء حق کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔
لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کو پوری قوم کے ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کا ثمر قرار دیا۔کور کمانڈر نے عالمی اور علاقائی تناظر میں حالیہ پاک بھارت جنگ کے دیرپا اثرات اور پاکستان کو حاصل ہونے والے ثمرات پر بھی بات کی۔
کورکمانڈر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر پاکستانی قوم اور افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو عیاں کر دیا، ملک کی سب سے قدیم اور بڑی یونیورسٹی میں آنا باعث اعزاز ہے، اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں، انھیں سلام پیش کرتا ہوں۔
لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا کہ حالیہ جنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کی اہمیت کھل کر سامنے آئی ہے، نوجوان ہی ملک کے روشن مستقبل کی دلیل ہیں،ہم سب نے مل کر وطن عزیز کو محفوظ اور مضبوط تر بنانا ہے۔