وزیراعظم کی توانائی بچت مہم کے تحت نئے کاروباری اوقات کار کی منظوری

وزیراعظم کی توانائی بچت مہم کے تحت نئے کاروباری اوقات کار کی منظوری
کیپشن: وزیراعظم کی توانائی بچت مہم کے تحت نئے کاروباری اوقات کار کی منظوری

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کے لیے جاری مہم کے تحت ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک بند کر دیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیاں اور دیگر تقریباتی مقامات کو رات 10 بجے تک سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور سبزی فروخت کرنے والی دکانیں رات 11 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جس کے بعد انہیں کاروبار بند کرنا ہوگا۔

حکومت نے بعض ضروری خدمات فراہم کرنے والے شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ میڈیکل اسٹورز، آئی ٹی کمپنیوں، تندوروں، جمنازیمز اور فیول اسٹیشنز پر نئے اوقات کار کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہ معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔

کابینہ ڈویژن نے صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقات کار پر مؤثر اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ توانائی بچت کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

حکومتی حلقوں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بجلی کی کھپت میں کمی لانا، توانائی کے وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانا اور قومی سطح پر کفایت شعاری کی پالیسی کو فروغ دینا ہے۔

Watch Live Public News