ویب ڈیسک: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعتراف کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز میں اضافہ ہوا ہے اور یہ اب مجموعی بل کے 10 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل فکسڈ چارجز بل کے 3 سے 4 فیصد کے برابر لیے جاتے تھے، تاہم اب اس شرح میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق فکسڈ کاسٹ پورے سال کے لیے یکساں رہتی ہے، جبکہ بجلی کے استعمال کے لحاظ سے اس کا بوجھ مختلف انداز میں محسوس ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بعض مہینوں میں جب بجلی کا استعمال زیادہ ہوتا ہے تو فکسڈ کاسٹ کا اثر نسبتاً کم محسوس ہوتا ہے، تاہم کم استعمال والے مہینوں میں یہ زیادہ نمایاں ہو جاتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی مجموعی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، اور سبسڈی کی موجودگی میں فی یونٹ قیمت میں 5 سے 6 روپے تک کمی ممکن ہوئی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق ویری ایبل اور فکسڈ چارجز کو ملا کر مجموعی بلنگ سسٹم کا جائزہ لیا جائے تو بعض صورتوں میں صارفین کے بلوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2025 سے اب تک بجلی کے استعمال (کنزمپشن) میں 8 سے 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ 9 سے 10 ماہ کے دوران مجموعی طلب میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی تفصیلات نیپرا کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔