بجٹ 2026-27: حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑا بریک تھرو 

بجٹ 2026-27: حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑا بریک تھرو 

(ویب ڈیسک ) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑا بریک تھرو ہو گیا۔ بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کی وزیراعظم کی سفارش پر اتفاق کرلیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس  ہوا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا،مالیاتی استحکام، عوامی فلاح اور جامع اقتصادی ترقی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

اعلامیے کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی حکمت عملی اور ترقیاتی اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا، بجٹ 2026-27 بدھ 10 جون 2026 کو پیش کرنے کی وزیراعظم کو سفارش پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شریک ہوئے، سندھ کے ترقیاتی اور آبی منصوبوں سے متعلق امور بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بجٹ امور پر بریفنگ دی۔

اعلامیے کے مطابق حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان بجٹ پر مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق ہوا،عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کو بجٹ کی اہم ترجیحات قرار دیا گیا۔

وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔

Watch Live Public News