ویب ڈیسک: چین نے ایران کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو میں کہا ہے کہ چین ایران کی خودمختاری، سکیورٹی اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کی حمایت کرتا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق بیجنگ نے زور دیا کہ ایران کی قومی خودمختاری، سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنا ضروری ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور چین کو لڑائی کے پھیلاؤ پر گہری تشویش ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام فریقین کو فوری طور پر فوجی کارروائیاں روک دینی چاہییں اور تنازع کے دائرہ کار کو بڑھنے سے بچانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے پر زور دیتا ہے۔