ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز ٹورنامنٹ میں دوبارہ شامل ہو گئی ہے، جبکہ سیالکوٹ اسٹالینز نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کر لیا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ سیالکوٹ اسٹالینز اب ملتان سلطانز کے نام سے شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے نئے سی ای او گوہر شاہ کی جانب سے نام کی تبدیلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق بطور سی ای او گوہر شاہ کا یہ پہلا اہم اقدام ہے، کیونکہ اس سے قبل ’ ملتان سلطانز‘ کا نام دستیاب نہیں تھا۔
اس موقع پر فرنچائز فیس میں اضافے کا بھی اعلان کیا گیا۔ ٹیم کی سالانہ فیس 1 ارب 85 کروڑ روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ OZ Developers نے جنوری میں ہونے والی پی ایس ایل نیلامی میں سیالکوٹ فرنچائز کے لیے 1.85 ارب روپے کی ریکارڈ بولی دی تھی، جو لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی قرار دی گئی تھی۔