ویب ڈیسک: حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی ہندو برادری نے یک زبان ہو کر وطن عزیز کے دفاع اور قومی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پہلگام فالس فلیگ کے تناظر میں بھارتی الزام تراشیوں کو مسترد کرتے ہوئے اقلیتوں نے دشمن کو سخت الفاظ میں جواب دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ ہارون سراب دیال نے کہا ہندوستان ہمیشہ فالس فلیگ کے ذریعہ ایک ڈرامہ رچاتا ہے، لیکن ہم ریاست پاکستان کے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
چیئرمین امن کمیٹی مائینورٹی ونگ کشور سونی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہماری فوج اتنی کمزور نہیں کہ منہ توڑ جواب نہ دے سکے۔ پاکستانی ہندو، پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
سماجی کارکن راجیو ٹھاکر نے باور کرایا کہ ہم پاکستانی امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں، مگر نہ جنگوں سے ڈرتے ہیں، نہ لڑنے سے۔
راج کمار نے بھارتی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پاکستان پر الزام تراشی بچگانہ حرکت ہے۔ ہم پاکستان کے دفاع کی خاطر جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
صُدم چند کا کہنا تھا کہ "پاکستان کی خاطر اپنے بچے بھی قربان کر دیں گے۔"
مہندرا کمار نے کہا کہ مودی اپنی ناکامی پر صرف بھڑکیں مار رہا ہے، ہم جنگ میں اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پاکستانی ہندو برادری کے یہ بیانات ایک واضح پیغام ہیں کہ وطن کی حفاظت کے لیے پوری قوم متحد ہے، اور بھارتی پروپیگنڈے کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔