ویب ڈیسک: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت صحافی برادری کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
عالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے دنیا بھر میں صحافت اور براڈکاسٹنگ سے وابستہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادیٔ صحافت کے لیے صحافیوں کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ذمہ دارانہ آزادیٔ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی حقیقی طاقت کا مظہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت کے لیے آزاد اور ذمہ دار صحافت ناگزیر ہے اور حکومت اس سفر میں اہلِ صحافت کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادیٔ صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، جبکہ فیک نیوز، پروپیگنڈا اور افواہوں کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اور ان کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے تیز رفتار دور میں بھی سچائی پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور عالمی یومِ آزادیٔ صحافت پر ذمہ داری کے ساتھ سچ پیش کرنے کے عزم کی تجدید ضروری ہے۔