ویب ڈیسک: وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں معرکہ حق کے شہید محمد قدیر کے گھر آمد، شہید کے اہل خانہ سے تعزیت ، محمدقدیر کی روح کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے دعا کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم معرکہ حق میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی اور بھارت کا غرورخاک میں ملایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ وطن عزیز پر جان نثار کرنے والے شہدا پر پوری قوم کو فخر ہے،حکومت معرکہ حق میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ 55 سالہ شہید محمد قدیر 10مئی 2025 کی صبح چاروہ گاؤں میں بھارت کی طرف سے فائر کئے جانے والے مارٹرشیل کے دھماکے سے شہید ہوگئے تھے ۔ شہید محمد قدیر کے اہل خانہ اُن کی شہادت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پسرور کے گاؤں مست پور میں شہید ہونے والے فرحان سہیل کے گھر بھی گئے۔ 19 سالہ فرحان سہیل کے اہل خانہ سے ملاقات کی، شہید کے درجات کی بلند ی اورایصال ثواب کے لیے دعا کی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد وطن کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ ہمیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔