ویب ڈیسک: بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت حالیہ عرصے میں 20 فیصد اضافے کے بعد ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے زیر اہتمام ڈسکشن سیشن سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ براہِ راست پروازیں اور شپنگ روابط دوطرفہ تجارت میں اضافے کا سبب بنے ہیں، اور کراچی کے بعد لاہور سے بھی ڈھاکا کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔
ڈپٹی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ شپنگ روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، اور بنگلا دیش کے سرکاری افسران کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ حکومتی اور عوامی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں مزید اضافہ ہوگا۔
پیٹرن ان چیف کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز اکرام سہگل نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش دو ممالک لیکن ایک قوم ہیں، اور دونوں کی نوجوان آبادی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت پر ٹیریف کا خاتمہ اور بنگلا دیش کی چائے پر درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے سے پاکستان میں چائے کی قیمت 50 فیصد کم ہو سکتی ہے۔
اکرام سہگل نے مزید کہا کہ ویزا آن ارائیول کی سہولت دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگی، اور دفاعی تعاون کے تحت کسی ایک ملک پر جارحیت کو دوسرے ملک پر بھی جارحیت تصور کیا جانا چاہیے۔