ویب ڈیسک: پاکستانی گلوکار اور موسیقار عمیر جسوال کی ذاتی زندگی ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ حال ہی میں گلوکار نے اپنی دوسری شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ نبیہا کے ساتھ ایک تصویر اور محبت بھرا پیغام شیئر کیا، جس کے بعد مداحوں اور صارفین نے مختلف تبصرے شروع کر دیے۔
واضح رہے کہ عمیر جسوال نے اکتوبر 2020 میں اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کے درمیان یہ رشتہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا اور علیحدگی ہو گئی۔ بعد ازاں ثنا جاوید نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے نکاح کر لیا۔ دوسری جانب عمیر جسوال نے اکتوبر 2024 میں انسٹاگرام پر اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا اور اہلیہ نبیہا کے ساتھ نکاح کی تصویر شیئر کی تھی۔
گزشتہ دنوں شادی کی پہلی سالگرہ پر عمیر جسوال کی پوسٹ وائرل ہوئی جس میں ان کی اہلیہ کو عبایا اور حجاب میں ملبوس دیکھا گیا۔ تصویر سامنے آتے ہی کئی صارفین نے ان کی پہلی اور دوسری شادی کا موازنہ شروع کر دیا۔ کچھ نے نبیہا کے لباس اور حجاب پر تنقید کی تو کچھ نے تعریف بھی کی۔ تاہم سوشل میڈیا پر یہ بحث اتنی شدت اختیار کر گئی کہ نبیہا کو خود وضاحت دینا پڑی۔
اپنے انسٹاگرام پیغام میں نبیہا نے کہا: “میں یہ پہلی اور آخری مرتبہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میرے شوہر کی صرف ایک بیوی ہے اور وہ میں ہوں، لہٰذا براہِ کرم میرا کسی اور سے موازنہ نہ کریں۔ ہم دل سے آپ کی دعاؤں کے شکر گزار ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا: “میں کیسا لباس پہنتی ہوں، حجاب کرتی ہوں یا نہیں، یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔ میرے شوہر صرف اپنی خوشیاں آپ سب کے ساتھ بانٹنا چاہتے ہیں، اس پر غیر ضروری رائے زنی کرنا مناسب نہیں۔ اگر آپ دعا نہیں دے سکتے تو کم از کم اپنے آپ پر قابو رکھیں۔”
نبیہا کے اس بیان کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے مؤقف کی حمایت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کا یہ پیغام تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور کئی صارفین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارنے کا حق ہے۔